میشا شفیع کی جانب سے ہراسگی کا الزام، علی ظفر رو پڑے

Misha Shafi

Misha Shafi

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کے مشہور گلوکار علی ظفر ایک نجی ٹیلی وژن کے پروگرام میں میشا شفیع ہراسگی کیس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے رو پڑے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام کے دوران گفتگو میں علی ظفر نے کہا کہ مجھے اس بات کا قطعی علم نہیں ہے کہ میشا شفیع نے مجھ پر ہراسگی کا الزام کیوں لگایا؟ لیکن سچ کیا ہے یہ وہ خود ہی بتا سکتی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جس پروگرام میں ہراسگی کا الزام لگایا گیا، وہاں دو خواتین اور کئی مرد بھی موجود تھے۔

بعد ازاں میشا شفیع نے ایک پیغام کے ذریعے ہم دونوں کی پرفارمنس کی تعریف کی جو میرے پاس محفوظ ہے۔

علی ظفر نے موقف اختیار کیا کہ اگر میری جانب سے میشا شفیع کے ساتھ ہراسگی ہوئی تو انہوں نے میری بیوی یا خاندان کو شکایت کیوں نہیں کی؟ حالانکہ وہ میرے گھر آتی رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر کئی طرح کی الزام تراشیاں کی گئیں، مہم چلائی گی لیکن اس سب کے باوجود میں نے اسے برداشت کیا اور ایک سال تک خاموش رہا۔ اس مقدمے پر بھی میں نے پہلے کبھی بات نہیں کی، عدالت نے مجھے کیس میں بری قرار دیا تھا۔