پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کا اہم دور آج ہو گا

IMF

IMF

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) حکام کے درمیان مذاکرات کا اہم دور آج ہوگا اور وزارت خزانہ کے حکام وفد سے مذاکرات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کریں گے اور مذاکرات میں وزارت خزانہ کے 3 ایڈیشنل سیکرٹریز اور ایک سینئر جوائنٹ سیکرٹری شریک ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں معاشی ترقی، پالیسی حکمت عملی اور آئی ایم ایف پروگرام کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ تمام متعلقہ اداروں کو تحریری طور پر مذاکرات میں شرکت کی دعوت دے چکا ہے، آئی ایم سے مذاکرات کے لیے ایڈیشنل سیکرٹری بجٹ ونگ، سرمایہ کاری ونگ کے ایڈیشنل سیکرٹری، وزارت خزانہ کے ڈی جی قرضہ جات، پاور ڈویژن کے سیکریٹری اور جوائنٹ سیکریٹری بھی شامل ہوں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پیٹرولیم ڈویژن کے سیکریٹری، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین ایس ای سی پی، سیکریٹری نجکاری بھی مذاکرات کا حصہ ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم سے مذاکرات کے دوران ایف بی آر کی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پر بریفنگ دی جائے گی جب کہ آئی ایم ایف وفد کو نجکاری پروگرام، گیس اور بجلی کی قیمتوں پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔