اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپشن کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کیونکہ کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا۔
وزیراعظم عمران خان سے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اعجا زحسین شاہ نے ملاقات کی اور اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، کرپشن نے نہ صرف ملکی معیشت بلکہ اداروں کو تباہ کیا اور عام آدمی کی زندگی کو بھی متاثر کیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا، بدعنوان عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی کو ایک مشن سمجھ کر پورا کیا جائے، حکومت اس ضمن میں ہر ممکنہ تعاون فراہم کرے گی۔