ہالی ووڈ کے سب سے زیادہ کمائی کرنے والے ستارے

Hollywood Superstars

Hollywood Superstars

امریکا (جیوڈیسک) ہالی ووڈ کا شمار دنیا کی بڑی فلم انڈسٹریوں میں ہوتا ہے جہاں فلمیں نہ صرف اربوں کا بزنس کرتی ہیں بلکہ یہاں کام کرنے والے فنکار بھی کروڑوں میں کماتے ہیں، تاہم مشہور شخصیات کی آمدنی کا دارومدار صرف فلموں پر نہیں ہوتا بلکہ ان میں مختلف اشتہارات اور مختلف برانڈز کے ساتھ پارٹنر شپ اور خود کے بزنس کی آمدنی بھی شامل ہوتی ہے۔

کائلی جینر

ہالی ووڈ کی ریئلیٹی ٹی وی سپر اسٹار، سوشل میڈیا پرسنالٹی اورمیک اپ برانڈ ’’کائلی کاسمیٹکس‘‘ کی مالکن کائلی جینر نے دولت کمانے میں سب کو پیچھے چھوڑدیاہے، کائلی جینر کی سالانہ آمدنی ایک بلین ڈالر ہے کائلی نے یہ دولت محض 21 سال کی عمر میں کمائی ہے اور فوربز کے مطابق وہ ایک بلین ڈالرز کمانے والی سب سے کم عمر سیلف میڈ خاتون ہیں۔

اوپراہ ونفرے

امریکی ماڈل، اداکارہ، ٹاک شومیزبان اور ٹیلی ویژن پروڈیوسر اوپراہ ونفرے کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ جس چیز کو ہاتھ لگاتی ہیں وہ سونا بن جاتا ہے۔ اوپراہ کا شمارامریکا کی افریقین امریکن دولت مند شخصیات میں ہوتا ہے جب کہ وہ پہلی سیاہ فام ارب پتی (بلینئر) خاتون ہیں۔ اوپراہ کی سالانہ آمدنی2.5 بلین ہے۔

بیونسے

امریکا کی مقبول ترین گلوکارہ، شاعرہ، اداکارہ، ہدایت کارہ، ریکارڈ پروڈیوسر اور ڈانسر بیونسے کی سالانہ آمدنی 355 ملین ڈالرز ہے۔ جہاں بیونسے سالانہ اربوں کماتی ہیں وہیں وہ اپنی دولت کو مہنگی چیزوں پر خرچ کرنے کے لیے بھی مشہور ہیں۔ بیونسے کو ملٹی ملینئر ڈالر مینشن کے حوالے سے بھی جانا جاتا ہے، جب کہ وہ مہنگے بیوٹی ٹریٹمنٹ اور شاہانہ چھٹیاں گزارنے پر بھی بے تحاشہ پیسے خرچ کرتی ہیں، اس کے علاوہ بیونسے بالی ووڈ کے سلمان خان کی طرح مہنگے تحائف دینے کے حوالے سے بھی شہرت رکھتی ہیں۔

لیونارڈو ڈی کیپریو

ہالی ووڈ سپراسٹار لیونارڈوڈی کیپریو کی سالانہ آمدنی 245 ملین ڈالرز ہے۔ لیونارڈو نے اپنے کیریئر کا آغاز سٹ کام ’’گرووئنگ پین‘‘سے کیا تھا، انہیں 1993 میں ریلیز ہوئی ڈراما فلم’’وہاٹ ایٹنگ گلبرٹ گراف‘‘میں شاندار اداکاری کرنے پر آسکر کے لیے نامزد کیاگیا تھا، تاہم لیونارڈو کو دنیا بھر میں شہرت 1997 میں ریلیز ہوئی فلم ’’ٹائی ٹینک‘‘ سے ملی۔

ڈولی پارٹن

کوئین آف کنٹری میوزک کے نام سے جانی جانے والی نامور امریکی گلوکارہ، شاعرہ، ریکارڈ پروڈیوسر، اداکارہ اور بزنس وومن ڈولی پارٹن نے 1967 میں البم ’’ہیلو آئی ایم ڈولی‘‘سے کیریئر کا آغاز کیاتھا وہ کئی سال تک میوزک چارٹ پر ٹاپ پوزیشن پر رہیں۔ ڈولی کی سالانہ آمدنی 500 ملین ڈالرز ہے۔

جانی ڈیپ

ہالی ووڈ سپر اسٹار جانی ڈیپ کو کون نہیں جانتا لیکن جانی ڈیپ سالانہ کتنا کماتے ہیں یہ بات ہر کوئی نہیں جانتا۔ بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبول کیپٹن جیک اسپیرو کا کردار نبھانے والے اداکار جانی ڈیپ کی آمدنی 200 ملین ڈالرز ہے۔

سینڈرا بلوک

سینڈرا بلوک کا شمار ہالی ووڈ کی ان 20 اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے 30 سال کی عمر میں سب سے زیادہ آمدنی والی اداکارہ ہونے کا اعزاز حاصل کرلیاتھا۔ سینڈرا کی آمدنی 200 ملین ڈالرز ہے۔