پرنس ہیری اور پرنسس مارکل کے ہاں بیٹے کی پیدائش

Prince Harry - Prince Merkel

Prince Harry – Prince Merkel

لندن (جیوڈیسک) برطانوی شہزادہ ہیری اور میگن مارکل کے ہاں بیٹے کی پیدائش سے شاہی خاندان میں ایک اور رکن کا اضافہ ہو گیا ہے۔ نومولود شہزادہ برطانوی ملکہ الزبتھ کا آٹھواں پڑپوتا ہے اور برطانوی تخت کے ممکنہ وارثوں میں اس کا نمبر ساتواں ہے۔

برطانوی شہزادے ہیری اور ڈچز آف سسیکس میگن مارکل کے ہاں چھ مئی کو پہلی اولاد پیدا ہوئی، جو ایک بیٹا ہے۔ اس شہزادے کی پیدائش پیر کی صبح ہوئی اور پیدائش کے وقت اس کا وزن 3.2 کلوگرام تھا۔ بچہ اور ماں دونوں تندرست ہیں اور انہیں کسی طبی مسئلے کا سامنا نہیں ہے۔ نومولود شہزادہ برطانوی ملکہ الزبتھ کا آٹھواں پڑپوتا ہے اور برطانوی تخت کے ممکنہ وارثوں میں اس کا نمبر ساتواں ہے۔

برطانوی شاہی خاندان ویسے تو ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز بنا ہی رہتا ہے تاہم پرنس ہیری اور امریکا میں پیدا ہونے والی سابقہ اداکارہ اور ان کی اہلیہ میگن مارکل کی برطانیہ میں مقبولیت ہالی وڈ کے ستاروں سے کچھ کم بھی نہیں ہے۔

شہریت سے متعلق برطانوی قوانین کے مطابق یہ بچہ امریکی اور برطانوی دوہری طرح کی شہریت رکھ سکتا ہے۔ فی الحال اس کا نام نہیں رکھا گیا لیکن کئی ماہرین کا خیال ہے کہ اس کے لیے ممکنہ پسندیدہ نام آلبرٹ، فیلپ، آرتھر اور جیمز ہو سکتے ہیں۔

اس بچے کی پیدائش ونڈسر کاسل کے احاطے میں موجود میگن مارکل اور پرنس ہیری کے گھر فراگ مور کاٹیج میں ہوئی۔ یہ اس شاہی جوڑے کا ذاتی فیصلہ تھا کہ وہ بچے کی پیدائش کے لیے ہسپتال کے بجائے اپنے گھر کو ترجیح دیں گے۔ بچے کی پیدائش کے وقت شہزادہ ہیری کے علاوہ میگن مارکل کی والدہ ڈوریا راگ لینڈ بھی ڈچز میگن کے ہمراہ تھیں۔

بعد ازاں ونڈسر کاسل میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پرنس ہیری نے اپنے بیٹے کی پیدائش کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا، یہ بات میرے تصور سے باہر ہے کہ کوئی عورت یہ کیسے کر لیتی ہے۔ ہم دونوں بہت خوش ہیں اور ہم یہاں موجود سب لوگوں کے شکر گزار بھی ہیں۔

برطانوی شہزادے ہیری اور ڈچز آف سسیکس میگن مارکل کے ہاں بیٹے کے پیدائش پر برطانوی شاہی خاندان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں مسرت کا اظہار کیا گیا ہے۔ دریں اثنا وزیر اعظم ٹریزا مے نے بھی ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام کے ذریعے پرنس ہیری اور ڈچز میگن مارکل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔