پاکستان بنانے میں علماء کا کلیدی کردار ہے، مفتی محمد نعیم

 Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی : کراچی جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے فواد چوہدری کے قمری کیلنڈر کی تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ قمری کلینڈر کیلئے بنائی گئی کمیٹی کو ہم مسترد کرتے ہیں ، رویت ہلال کا اہتمام شرعی تقاضہ ہے، علماء کواللہ نے شریعت کی باگ ڈورسونپی ہے،ہماری بدقسمتی کیلئے اتناہی کافی ہے کہ فواد چودھری جیسے لوگ بھی وزیر ہیں، پاکستان بنانے میںعلماء کا کلیدی کردار ہے،فواد چوہدری تاریخ سے نابلداورجہالت کے چمپیئن ہیں۔ بدھ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ قمری ماہ کے آغاز کے لیے چاند کا نظر آنا ضروری ہے ، عید اور روزے کا چاند دیکھنے کا اہتمام کرنا احادیث سے ثابت ہے ہر دور میں اس کا اہتمام ہوتا رہا ہے۔

کیلنڈر کی بنیاد پر قمری ماہ کا آغاز خلاف شریعت ہوگا،اسلام میں قمری ماہ کے آغاز کے لیے زوال آفتاب سے قبل چاند نظر آنے کا اعتبار نہیں تو کیلنڈرسے آغاز کا تعین کیسے جائز ہوسکتاہے ،انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کا یہ کہنا کہ علما نے پاکستان بنانے کی مخالفت کی تھی پاکستان کی تاریخ مسخ کرنے کے مترادف ہے،مولانا شبیر احمد عثمانی،مولانا مفتی شفیع ،مولانااحمد بدایونی ،مولانا کو ثر نیازی ، مولانا ظفر احمد عثمانی سمیت دیگر علماء کرام کے کردار کو تاریخ کبھی فراموش نہیں کرسکتی ، جس وقت دنیا انگریز کی غلامی کو قبول کرچکی تھی اس وقت علماء ہی تھے جو انگریز کیخلاف جہاد میں مصروف تھے،1857کی جنگ آزادی ہو یا 47کی جدوجہد آزادی ہزاروں علماء کی قربانیاں اور لاکھوں علماء کا کردار نمایا ہے کوئی بھی علماء یا مذہب کی دشمنی میں اس کو فراموش نہیں کرسکتاہے۔ انہوںنے کہاکہ قوم کی بدقسمتی ہے کہ فواد چوہدری جیسے لوگ بھی وزیر ہیں انہیں چاہیے کہ اپنی احمقانہ باتوں سے قوم کو بے وقوف بنانے کے بجائے اپنے کام پر توجہ دینی چاہیے،وزارت سنبھلتی نہیں اورعلماء کو شریعت سیکھانے کی کوشش کررہے ہیں،رویت ہلال ٹیکنالوجی کا نہیں شر عی مسئلہ ہے اور شریعت علما ہی بہتر جانتے ہیں،انہوں نے مزید کہاکہ مدارس کے غیر ملکی طلبہ کے ویزوں پر سے عائد پابندی ہٹانا حکومت کا قابل تحسین اقدام ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت کا مدارس کے حوالے سے رویہ کافی مثبت ہے جس کی مذہبی طبقہ قدر کرتا ہے تاہم کچھ وزراء کابینہ میں ایسے ہیں جو متنازع بیانات کے ذریعے نفرتوں کو ہوا دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ فواد چوہدری سمیت دیگر سیاستدانوں کو جس بارے علم نہ ہو بیانات دیکر اس کو سیاست چمکانے کا ذریعہ نہیں بنانا چاہیے، وزیر موصوف پہلے ہی اپنے متنازع بیانات میں شہرت رکھتے ہیں انہیں اس طرح کے اقدامات اور بیانات سے اجتناب کرنا چاہیے،وطن عزیز میں جب بھی کوئی حکومت مشکلات کا شکار ہوتی ہے خلاف شرع گفتگو سے اصل مسئلے سے توجہ ہٹانے یا ناکامیوں کو چھپانے کی کوشش کرتے ہیںعلاوہ ازیں مفتی محمدنعیم نے لاہور دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ دہشتگردی کے واقعات میں ملک دشمن ملوث ہیں جو قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔