کراچی (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے کراچی کی فٹ پاتھوں سے تجاوزات اور رفاعی اداروں کے دسترخوان ختم کرنے کا ٹاسک وزیراعلیٰ سندھ کو سونپ دیا۔
کراچی ماسٹر پلان کی بحالی سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ کی کراچی رجسٹری میں ہوئی۔
اس موقع پر عدالت نے شہر قائد سے تجاوزات ختم کرانے کا ٹاسک وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو سونپتے ہوئے حکم دیا کہ وزیراعلیٰ تمام اداروں کے ساتھ مل کر مسائل حل کریں۔
سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ سندھ کو حکم دیا کہ تمام فریقین کی مشاورت سے شہر کو اصل شکل میں بحال کرا کے رپورٹ پیش کریں۔
عدالت نے شہر بھر کی فٹ پاتھوں سے تعمیرات ختم کرانے کا بھی وزیراعلیٰ سندھ کو دیتے ہوئے حکم دیا کہ فٹ پاتھوں سے رفاعی اداروں کے دسترخوان اور شیڈز بھی فوری ختم کیے جائیں۔
سپریم کورٹ نے کراچی میں اسپتالوں کے سامنے خالی پلاٹوں پر ایمبولینس کے لیے زیر استعمال زمینوں کو بھی خالی کرانے کی ہدایت کی۔
سپریم کورٹ نے انتظامیہ کو شہر بھر میں روڈ لائنز، زیبرا کراسنگ اور سائن بورڈز لگانے کی بھی ہدایت کی۔