اسلام آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت ایوان کے چلنے سے خائف ہے، ہم نے کسی کو گالی نہیں دی، ہم بجلی، گیس، مہنگائی، معیشت اور بے روزگاری پر بات کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس پاکستان کو گروی رکھا گیا، ہم اس پر بات کرنا چاہتے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اسپیکر اپنے رویے سے اپنا اعتماد کھو چکے ہیں، ہم بھیک نہیں اپنا حق مانگ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر نے بلاول بھٹو کو تین بار ٹوکا اور ان کے الفاظ حذف کیے، خواجہ آصف کو بھی بات نہیں کرنے دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ کس نے اسپیکر کو خواجہ آصف کو بات نہ کرنے دینے کا اختیار دیا، اسپیکر سے درخواست ہے کہ آپ پر پریشر ہے اس لیے استعفیٰ دے دیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آپ پر وزیر اعظم دباؤ ڈالتا ہے تو آپ مستعفی ہو جائیں، یہ ٹریلر ہے اگر بات نہ کرنے دی گئی تو فلم چلے گی۔
رہنما مسلم لیگ ن خواجہ آصف نے کہا کہ ٹیکس بچانے والوں کی سرپرستی کرنے والے کو حکومت میں اہم عہدے پر لگا دیا گیا ہے، ہم اس غلامی اور حکومت کے خلاف بغاوت کا اعلان کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نجی بل آنا تھا تو ہم نے مشاورت میں بھرپور تعاون کیا، اپوزیشن کو مہنگائی پر بات نہیں کرنے دی جائے گی تو ایوان نہیں چلنے دیں گے۔