سرائے عالمگیر (ڈاکٹر تصور حسین مرزا) ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ ماہ رمضان میں مصنوعی قلت پیدا کرنے اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سختی سے نمٹا جائیگا، تمام پرائس کنٹرولنر مجسٹریٹس بلا امتیاز کاروائی کرکے ارزاں نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالہ سے کاروائی جاری رکھیں ۔ حکومت پنجاب کے رمضان پیکج کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے تمام تر انتظامات کی سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے ۔ لہٰذا افسران رمضان بازاروں میں عوامی سہولیات برقرار رکھنے میں کوئی کوتاہی نہ کریں۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے رمضان بازار مشین محلہ نمبر 2 اور رمضان بازار اکرم شہید پارک کا اچانک دورہ کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے سبزی ، پھل ، چینی، گوشت اور دیگر اشیائے ضروریہ کے اسٹالز کا تفصیلی معائنہ کرکے چیزوں کے معیار اور مقدار کو یقینی بنانے کے حوالہ سے خصوصی احکامات جاری کئے ۔ ڈپٹی کمشنر نے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اور اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ رمضان بازار میں دکانیں بروقت کھولی جائیں تاکہ کسی قسم کی شکایت سامنے نہ آئے۔ انہوں نے تاجروں سے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں عوام اور صارفین کو سستی اور معیاری اشیاء فراہم کرکے اللہ کی خوشنودی بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر سماجی کارکن فرحت ضیایء کمال اور دیگر افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے متعلقہ محکمہ کے افسران کو سستی چینی اور آٹا کے سٹالزکی سخت مانیٹرنگ کی ہدایت کی اور کہا کہ بلا امتیاز و تقریق شہریوں کو سستے داموں چینی اور آٹا فراہم کی جائے۔انہوںنے دوران معائنہ سستے رمضان بازاروں میں فروخت کے لئے رکھی گئی سبزیاں،پھل،دالیں،چاول،گوشت وغیرہ کی کوالٹی چیک کرتے ہوئے صارفین سے خریدی گئی اشیاء کے ریٹ بارے معلومات حاصل کرنے کے علاوہ مختلف دکانوں پر رکھے گئے وزن کے پیمانے اور چینی و آٹے کے تھیلوں کے وزن بھی چیک کئے۔