کراچی (جیوڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ماؤں کا دن منایا جا رہا ہے۔ ہر سماج، قوم، قبیلے اور مذہب میں والدین کو بنیادی اور کلیدی اہمیت حاصل ہے۔ ماں کا مرتبہ دنیا بھر میں تسلیم شدہ ہے۔ اسے کسی بھی گواہی کی ضرورت نہیں ہے کہ سچائی، اخلاص، ایثار کا مجسم ہے ماں! ماں کا چہرہ دنیا کا سب سے حسین چہرہ ہے کہ جسے دیکھنا خالق کائنات زیارت کعبہ کے مترادف قرار دیتا ہے. ماں وہ ذات ہوتی ہے جو نسل انسانی کو ناصرف آگے بڑھاتی ہے بلکہ اس کی گود ہی انسان کی پہلی تعلیمی درس گاہ ہوتی ہے۔
اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق 1967 سے ہر سال مئی کے دوسرے اتوار کو تمام رکن ممالک میں ماؤں کی عظمت، ان کی اہمیت وافادیت، ان کے حقوق کو اجاگر کرنے کیلیے ورلڈ مدرز ڈے منایا جاتا ہے۔ اسی مناسبت سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ماں کی عظمت کے حوالے سے سرکاری وغیر سرکاری سطح پر تقریبات منعقد کی جارہی ہیں، جس میں ماں کی ممتا کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
اس دن کو منانے کا مقصد ماں کے مقدس رشتے کی عظمت و اہمیت کو اجاگر کرنا اور ماں کے لئے عقیدت، شکر گزاری اور محبت کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔ اس دن بچے اپنی ماں کو خوش کرنے کے لئے خاص اہتمام بھی کرتے ہیں۔ وہ اپنی ماں کو تحائف بھی پیش کرتے ہیں جو روایتی پھولوں سے لے کر تہنیتی کارڈز اور قیمتی چیزوں تک محیط ہوتے ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر ٹوئٹ کی ہے کہ ماں پیار، خیال، حفاظت اور بے لوث ہونے جیسے لافانی احساسات کا نام ہے۔ ماں صرف ایک مادی رشتے کا نام نہیں، اگر ایسا ہوتا تو ان کے جانے سے یہ رشتہ ختم ہو جاتا۔ آج کے دن تمام ماؤں بالخصوص ہمارے بہادر شہدا کی بہادر ماؤں کو سلام۔