بھارت (جیوڈیسک) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا سوشل میڈیا پر مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ مودی نے ایک انٹرویو میں یہ کہا کہ بادلوں کے باعث ریڈار یہ معلوم نہیں کر پائیں گے کہ بھارتی جہاز پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہو گئے ہیں۔
بھارتی وزیر اعظم اس جنوبی ایشیائی ملک میں جاری انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے دوسری مرتبہ وزیر اعظم بننے کے لیے پر عزم ہیں۔ ایک ٹی وی انٹرویو میں بھارتی وزیر اعظم نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے فروری میں اس لیے پاکستان میں فضائی حملوں کا حکم دیا تھا کیونکہ بادلوں کے باعث پاکستانی ریڈار بھارتی جہازوں کی آمد کے بارے میں جان نہیں پائیں گے۔
مودی اپنے انتخابی عمل میں پاکستان میں فضائی حملوں کو بھر پور انداز میں استعمال کر رہے ہیں۔ تاہم ان کے اس حالیہ بیان کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بی جے پی کی سیاسی حریف جماعت کانگریس پارٹی کے رکن سلمان سوز نے کہا،’’ اگر مودی درست ہیں تو یہ تو قومی سکیورٹی کا سنگین مسئلہ ہے، یہ کوئی مذاق نہیں ہے۔‘‘
ٹوئٹر صارفین مودی کے اس بیان پر بھی ہنس رہے ہیں جس میں ان کا کہنا تھا کہ انیس سو اسی کی دہائی میں انہوں نے ڈیجیٹل کیمروں کا استعمال کیا جب بہت ہی کم لوگوں کے پاس ای میل ایڈریس تھے۔
کالم نویس نتھنیل بورینسٹائن نے اس بارے میں ٹویٹ میں لکھا،’’دراصل مذاق مودی کو پسند کرنے والے پڑھے لکھے مڈل کلاس میں اڑایا جا رہا ہے جو مودی کی جہالت کو نظر انداز کرتے ہیں۔‘‘