عراق (جیوڈیسک) عراق میں الصدری گروپ کے سربراہ مقتدی الصدر کا کہنا ہے کہ وہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے حق میں نہیں اور یہ نہیں چاہتے کہ عراق کو اس جنگ میں جھونک کر اسے لڑائی کا میدان بنا دیا جائے۔
اتوار اور پیر کی درمیانی شب ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں کہا کہ “ہمیں قوم کے بڑوں کی جانب سے ایک سنجیدہ موقف کی ضرورت ہے تا کہ عراق کو اس گھمسان کی لڑائی سے دُور رکھا جا سکے جو ہر خشک و تر کو نگل لے گی”۔
الصدر کے مطابق اس بات کی ضرورت ہے کہ عراقی عوام اس جنگ کی مذمت کریں اور جنگ میں عراق کو جھونکنے کے خلاف آواز اٹھائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ “اگر عراق نے ایک سنجیدہ موقف نہ اپنایا تو پھر یہ جنگ عراق کا خاتمہ ثابت ہو گی”۔
الصدر نے اپنی ٹویٹ کا اختتام یہ کہتے ہوئے کیا کہ “کسی بھی فریق نے عراق کو جنگ میں گھسیٹتے ہوئے اسے لڑائی کا میدان بنایا تو وہ عراقی عوام کا دشمن ہو گا”۔