قریبی دوست چیف سلیکٹر کی حمایت میں سامنے آ گئے

Inzamam-ul-Haq

Inzamam-ul-Haq

لاہور (جیوڈیسک) قریبی دوست چیف سلیکٹر کی حمایت میں سامنے آ گئے، مشتاق احمد اور محمد یوسف نے تنقید کی زد میں آئے ہوئے انضمام الحق کی منتخب کردہ ٹیم کو متوازن قرار دے دیا ہے۔

ورلڈکپ اسکواڈ میں محمد عامر اور وہاب ریاض کی شمولیت پر چیف سلیکٹر انضمام الحق پر مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید کا سلسلہ جاری ہے، البتہ سابق کپتان محمد یوسف نے کہا ہے کہ سلیکشن کمیٹی ، کپتان اور کوچ کی مشاورت سے اعلان کردہ ٹیم بہت زبردست دکھائی دے رہی ہے، اس میں تجربہ کار پلیئرز کے ساتھ نوجوان کھلاڑی بھی موجود ہیں۔

انھوں نے کہا کہ وہاب ریاض پرانی گیند کا بہت اچھا استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، انگلش پچز پر پیسر کی 90کلومیٹر کی رفتار سے بولنگ قومی ٹیم کیلیے کافی مفید ثابت ہوسکتی ہے۔ ان کی ڈومیسٹک میں پرفارمنس بھی سب کے سامنے ہے، میرے نزدیک پاکستانی ٹیم سیمی فائنل تک رسائی پاسکتی ہے۔

سابق لیگ اسپنر اور ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز کے معاون کوچ مشتاق احمد نے کہاکہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بولنگ کا شعبہ کمزور دکھائی دیا، نئے بولرز کی شمولیت سے اس میں جان پڑسکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ انگلش کنڈیشنز میں پاکستانی بیٹسمینوں کا رنز بنانا خوش آئند ہے، اسٹرائیک ریٹ کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہوگی، بابر اعظم ٹیم کا بوجھ سنبھال سکتے ہیں،ان کو اپنی کارکردگی میں تسلسل لانا پڑے گا، فخرز مان چل گئے تو ٹھیک ان پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔

مشتاق احمد نے کہا کہ بڑے مقابلوں میں نمبر 3 اور 4 پر بیٹنگ کرنے والا بڑی اننگز نہ کھیلے تو کسی بھی ٹیم کیلیے جیتنا آسان نہیں ہوتا، بابر اعظم پاکستانی ٹیم کو لے کر چل سکتے ہیں، انگلش پچز پر پاکستان کو 2 اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے۔