کراچی (جیوڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کا خدشہ ٹل گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ شہر کے اوپر ہائی پریشر ایریا موجود نہیں جس سے اب شہر میں گرمی کی لہر درمیانے درجے کی ہوسکتی ہے اور موسم گرم و مرطوب رہنے کا امکان ہے جب کہ آج اور کل زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری تک جانے کا امکان ہے اور 27 مئی تک درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری تک پہنچ جائے گا۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق شہر میں سمندری ہوائیں معطل ہونے کا خدشہ بھی ٹل گیا ہے، دن کے اوقات میں سمندری ہوائیں چلتی رہیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مغربی علاقوں سے ہوائیں 16 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 56 فیصد ہے۔
واضح رہےکہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہفتے سے پیر تک ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا تھا جس میں شہر کا درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیشگوئی کی گئی تھی۔