ملک بھر میں فرزندان اسلام آج سے اعتکاف کی سعادت حاصل کریں گے

Itikaf

Itikaf

اسلام آباد (جیوڈیسک) رمضان المبارک کے دوسرے عشرے کا اختتام آج ہوجائے گا جس کے بعد تیسرے عشرے کے لیے آج بعد نماز عصر لاکھوں فرزندان توحید اعتکاف کی سعادت حاصل کریں گے۔

اعتکاف عربی زبان کا لفظ ہے، جس کے معنی ٹھہر جانے یا خود کو روک لینے کے ہیں، اس طرح شریعت کی اصطلاح میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عبادت کی غرض سے مسجد میں قیام کرنے کو اعتکاف کہتے ہیں۔

کراچی سمیت ملک کی لاکھوں مساجد میں لاکھوں مسلمان آج بعد نماز عصر اعتکاف میں بیٹھیں گے جب کہ کئی مساجد میں اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے کوائف بھی جمع کئے گئے ہیں۔

اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے لئے بعض مساجد کی انتظامیہ اور مخیر حضرات کی جانب سے سحری اور افطاری فراہم کرنے کے خصوصی انتظامات بھی کئے جاتے ہیں جب کہ عام طور پر معتکفین کی سحر و افطاری کا ذمہ ان کے اہلخانہ کا ہوتا ہے۔

آخری عشرے کی طاق راتوں میں مسلمان رات بھر اللہ کے حضور عبادت کرتے ہوئے اپنی حاجات و مناجات پیش کریں گے جب کہ معتکفین بھی خصوصی طور پر آج رات عبادت کا اہتمام کریں گے۔

کراچی میں اعتکاف کا سب سے بڑا اجتماع فیضان مدینہ پرانی سبزی منڈی میں ہوگا جہاں پاکستان سمیت دنیا بھر سے لوگ اعتکاف میں شرکت کریں گے۔

لاہور میں منہاج القرآن کی جانب سے بھی اعتکاف کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں جہاں سیکڑوں افراد اعتکاف بیٹھیں گے۔

محکمہ اوقاف کے زہر اہتمام مساجد میں بھی معتکفین کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

شہر قائد میں اعتکاف کے بڑے بڑے اجتماعات نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ، جناح مسجد برنس روڈ، رحمانیہ مسجد طارق روڈ، گلزار حبیب سولجر بازار، جامع مسجد کنزالایمان گرومندر، بہار شریعت مسجد بہادرآباد، جامع مسجد آرام باغ اور جامع مسجد بنوری ٹاؤن سمیت دیگر شامل ہیں۔

اعتکاف کرنے والے افراد شوال کا چاند نظر آنے تک مساجد میں قیام کریں گے۔