راولپنڈی (جیوڈیسک) پاک فوج نے شمالی وزیرستان کی وادی شوال میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا جب کہ حملے کے نتیجے میں ایک جوان شہید ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے وادی شوال کی مکی گڑھ چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے جواب میں پاک فوج کی جانب سے مؤثر کارروائی کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک سپاہی شہید ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پیٹرولنگ کے دوران بویا کے علاقے میں نالے سے گولیاں لگی 5 لاشیں ملی ہیں جو گزشتہ روز حملے کا نشانہ بننے والی خاڑ کمر چیک پوسٹ سے ڈیڑھ کلو میٹر کے فاصلے سے ملیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز محسن جاوید اور علی وزیر کی قیادت میں خاڑ کمر چیک پوسٹ پر حملے میں پانچ جوان زخمی ہوئے تھے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں حملہ کرنے والے تین افراد مارے گے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علی وزیر 8 ساتھیوں سمیت زیر حراست ہیں جب کہ محسن جاوید ہجوم کو مشتعل کرنے کے بعد فرار ہو گیا تھا۔