کھلے عام روزہ خوری اللہ کے عذاب کو دعوت ہے، مفتی محمد نعیم

 Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس و شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا کہ کھلے عام روزہ خوری رمضان المبارک کے تقدس کی پامالی ہے اور اللہ کے عذاب کو دعوت ہے ، جس طرح رمضان میں روزہ فرض ہے اسی طرح رمضان کے تقدس کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے، رمضان ایکٹ پر عمل درآمد کراناحکومت کی ذمہ داری ہے،رمضان کی آخری راتیں لیلة القدر کی تلاش میں گزاری جائیں ۔ پیر کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میںملاقات کیلئے آئے ہوئے تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی محمد نعیم نے کہاکہ رمضان المبارک میں اللہ تعالیٰ نے رحمتوں ومغفرت کی لوٹ سیل لگائی ہے ، جس طرح رمضان المبارک کے روزے فرض ہیں اسی طرح اس کے تقدس کا خیال رکھنا بھی مسلمان کیلئے ضروری ہے، عذر شرعی کی بنا پر روزہ نہ رکھنے والوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ روزہ داروں کے سامنے کھانے پینے سے اجتناب کریں۔

انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل میں روزہ خوری کی وبا عام ہوتی جارہی ہے اورشہر ودیہات کی تفریق کیے بغیر نوجوان رمضان کے تقدس اور روزوں کی حرمت پامال کرتے ہوئے برملا کھاتے پیتے دکھائی دیتے ہیں اور اسی طرح شہر کے مختلف علاقوں میں کھلے عام مختلف ٹھیلوں ،صحت مندافراد روزہ خوری کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں، عذر شرعی کے بغیر روزہ خوری گناہ کبیرہ اور سرعام کھانا رمضان المبارک کے تقدس کی پامالی ہے،انہوںنے کہاکہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ : میری امت کا ہر فرد معاف کردیا جائے گا سوائے ان لوگوں کے جو علانیہ گناہوں کاارتکاب کرتے ہیں۔جو رمضان میں ایک دن بھی بغیر عذر شرعی اور بیماری کے روزہ نہیں رکھے گا اگر وہ پورے زمانے روزہ رکھتا رہے تو اس کی تلافی نہیں ہوسکتی،اللہ تعالی ان لوگوں کو ہدایت دے جو رمضان کے روزوں کا اہتمام نہیں کرتے اور کھلے عام روزہ خوری کا ارتکاب کرکے اللہ کے غیض و غضب کو دعوت دیتے ہیں۔مفتی محمد نعیم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ رمضان المبارک ایکٹ پر عملدرآمد کرکے ماہ مبارک کے تقدس کوپامال کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائے۔