کراچی (جیوڈیسک) معروف صوفی راک بینڈ جنون نے 15 سال بعد یکجا ہونے کے بعد پہلا گیت ’چھولے آسمان‘ ریلیز کر دیا۔
90 کی دہائی کے بین الاقوامی شہرت یافتہ بینڈ جنون نے کچھ روز قبل ایک بار پھر مل کر تہلکہ مچانے کا اعلان کیا تھا اور انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اُن کا یہ گانا کرکٹ کی مناسبت سے بنایا جائے گا جس طرح 23 سال قبل ورلڈ کپ کے لیے مشہور زمانہ گیت ’ہے جذبہ جنون‘ بنایا تھا۔
ماضی کے اس مشہور بینڈ کے اعلان کے بعد دنیا بھر میں موجود اُن کے مداحوں کو علی عظمت، سلمان احمد اور برائن کو ایک ساتھ دیکھنے کا بے صبری سے انتظار تھا اور اب یہ انتظار بھی اختتام کو پہنچ گیا۔
ریلیز کردہ گیت ’چھولے آسمان‘ میں تینوں فنکاروں کو اپنے روایتی انداز میں دیکھا جاسکتا ہے جب کہ اس گیت کو پاکستان کے انتہائی خوبصورت مقام پر نہ صرف فلمایا گیا ہے بلکہ اس میں پاکستان میں بسنے والی تمام قوموں کو بھی دکھانے کی بھرپور کوشش کی گئی ہے اور ساتھ ہی اقلیتوں کے بھی دکھایا گیا ہے۔
دو منٹ 59 سیکنڈ کی اس ویڈیو میں بچوں اور بزرگوں سمیت کرکٹ کے دیگر متوالوں کو بھی پاکستان کرکٹ ٹیم سے محبت کرتے دیکھا جاسکتا ہے اس گیت میں خصوصی طور پر خواجہ سراؤں کو بھی اپنی ٹیم کے لیے جذبات کا اظہار کرتے دکھایا گیا ہے۔