ایران (جیوڈیسک) ایران اور امریکا کے اربابِ اقتدار و سیاست کے درمیان ایک دوسرے کو سنگین نتائج کی حامل دھمکیاں دینے اور بلند بانگ دعووں کا مقابلہ جاری ہے ۔وہ نت روز ایک دوسرے کے خلاف تندوتیز بیانات جاری کررہے ہیں۔اب کہ ایران کی شورائے نگہبان کے چئیرمین احمد جنتی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سب سے سنگین مرنے مارنے کی دھمکی دے ڈالی ہے ۔انھوں نے کہا ہے کہ ’’ ہمارے عوام کا پیغام : مرگ بر امریکا ہے‘‘۔جس طرح ہم نے رضا شاہ پہلوی کو دفن کیا تھا ،اسی طرح ہم صدر ٹرمپ کو بھی دفن کردیں گے اور امریکا کو نیست ونابود کرکے رکھ دیں گے‘‘۔
رمضان المبارک کے جمعۃ الوداع کے موقع پر ہزاروں ایرانیوں نے یوم القدس منایا ہے اور فلسطینیوں سے اظہار یک جہتی کے لیے ریلیوں میں شرکت کی ہے۔احمد جنتی نے اس موقع پر صحافیوں کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ یوم القدس کی ریلیوں میں ہمارے قدم ایسے ہی ہیں جیسے ہم عالمی طاغوت کے سر پر چھڑی سے ضرب لگا رہے ہیں‘‘۔
انھوں نے کہا کہ ’’ اس سال ( یوم القدس کے موقع پر ) ہمارے عوام کا پیغام یہ ہے کہ اگر امریکا ایک سو مرتبہ بھی پابندیوں میں اضافہ کردیتا ہے تو اس سے ہماری مضبوطی ، قوت اور ذاتی احترام ہی میں اضافہ ہوگا اور ہم اس سے دست بردار نہیں ہوں گے‘‘۔
انھوں نے دھمکی آمیز انداز میں کہا کہ ’’ ہمارے عوام کا پیغام ’’مرگ بر امریکا‘‘ ہے اور جس طرح ہم نے شاہ کو دفن کیا تھا ، بالکل اسی طرح ٹرمپ کو دفن کردیں گے اور امریکا کو بھی تہس نہس کردیں گے‘‘۔
بانوے سالہ آیت اللہ احمد جنتی نے کہا:’’ امریکا کو یہ بات جان لینی چاہیے کہ بالآخر اسے ہی ہار کا سامنا کرنا پڑے گا اور ہم فاتح ہوں گے۔میں تھکا ہوا نہیں ہوں اور نہ میں تھکتا ہوں ‘‘۔