بھارت: نرملا سیتارامن نئی وزیر خزانہ، جے شنکر وزیر خارجہ

Narendra Modi

Narendra Modi

بھارت (جیوڈیسک) منصب وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد نریندر مودی نے اپنی کابینہ کو تشکیل دے دیا ہے۔ نئی کابینہ میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ نئی وزیر خزانہ کے انتخاب پر کاوباری حلقوں نے حیرانی ظاہر کی ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنا منصب سنبھالنے کے بعد ارون جیٹلی کی جگہ نرملا سیتا رامن کو نیا وزیر خزانہ مقرر کیا ہے۔ سیتارامن سابقہ مودی حکومت میں وزیر دفاع تھیں۔ نئی وزیر خزانہ، نریندر مودی کی پہلی حکومت میں کچھ عرصے کے لیے کامرس اور خزانہ امور کی وزیر مملکت بھی رہی تھیں۔

بھارت کی مقتول وزیراعظم اندرا گاندھی کے بعد نرملا سیتارامن بھارت کی وزیر خزانہ بننے والی دوسری خاتون ہیں۔ یہ حسن اتفاق ہے کہ سیتارامن بھارت کی دوسری خاتون وزیر دفاع بھی تھیں اور اُن سے قبل اندرا گاندھی نے یہ منصب سنبھالا تھا۔ انسٹھ برس کی سیتارامن کا تعلق تامل ناڈو سے ہے۔

کاروباری اور سیاسی حلقوں کے مطابق نرملا سیتارامن کو بھارتی وزیراعظم کا اعتماد ضرور حاصل ہے لیکن اُن کا سیاسی قد کاٹھ ارون جیٹلی جیسا نہیں ہے۔ دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی کے حلقوں کا کہنا ہے کہ سیتارامن معاشیات کا علم رکھتی ہیں اور یقینی طور پر وزیراعظم کی امیدوں کے مطابق ایک کامیاب وزیر خزانہ ثابت ہوں گی۔

بعض بھارتی حلقے پیوش گوئل کو نیا وزیر خزانہ دیکھنا چاہتے تھے۔ ارون جیٹلی کی علالت کے دوران سابقہ مودی حکومت میں انہوں نے کم از کم دو مرتبہ ملکی بجٹ پیش کیا تھا۔ گوئل پیشے کے اعتبار سے چارٹرڈ اکاؤنٹینٹ ہیں۔ ان حلقوں کا کہنا ہے کہ سیتارامن کا سب سے اہم ٹارگٹ بھارت اور امریکا کے درمیان تناؤ کے شکار تجارتی تعلقات کو بہتر بنانا ہے۔ مودی نے پیوش گوئل کو نیا وزیر ریلوے مقرر کیا ہے۔

منجھے ہوئے بھارتی سیاستدان ارون جیٹلی نے علالت کے باعث کابینہ میں شامل ہونے سے معذوری ظاہر کی ہے۔ اسی طرح سشما سوراج کو بھی صحت کے مسائل کا سامنا ہے۔ اُن کی جگہ خارجہ امور کے سابق سیکرٹری ایس جے شنکر کو نئے وزیر خارجہ ہوں گے۔ جے شنکر امریکا اور چین میں بھارت کے سفیر بھی رہ تھے۔

جے شنکر سن 2017 میں بھارت اور چین کے درمیان سرحدی تنازعے کے دوران کلیدی مذاکرات کار تھے۔ انہیں نریندر مودی کا قابل اعتماد مشیر خیال کیا جاتا ہے۔ مبصرین کے مطابق جے شنکر یقینی طور پر پاکستان کے ساتھ خراب تعلقات کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ وہ نریندر مودی کے پہلے دورِ حکومت میں پاکستان کا دورہ بھی کر چکے ہیں۔ اسی طرح امریکا کے ساتھ سن 2008 کی جوہری ڈیل کو حتمی شکل دینے میں بھی اُن کاوشوں کو سراہا گیا تھا۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کے سربراہ امِت شاہ کو وزیر داخلہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مودی کی پچھلی حکومت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نئی کابینہ میں وزارت دفاع کے نگران ہوں گے۔