کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ کورنگی کے سیکریٹری اطلاعات جانی میمن نے کہا کہ عمران خان اپنے انجام سے ڈریں اپنی سلیکشن کو درست کرنے کے چکر میں جمہوریت کا چہرہ مسخ نہ کریں ،سیاسی کارکنان پر بدترین تشدد کر کے تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے چہرے پر سیاہی پھیر چکی ہے عوام پر مہنگائی بم گراکر جہاں عمران خان اور اُن کی سلیکٹڈ حکومت عوامی غیض و غضب کا شکار ہے وہیں چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی اسلام آباد میں احتساب عدالت آمد کے موقع پر پیپلز پارٹی کے کارکنان پر بہیمانہ تشدد پرانسانی حقوق کی تنظیمیں اور جمہوری و سیاسی جماعتیں سراپا احتجاج ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے نیب عدالت کے باہر سے گرفتاری اور رہائی کے بعد ڈسٹرکٹ ایسٹ کے صدر اقبال ساند ،فرحان غنی اور دیگر رہنمائوں کی کراچی ائر پورٹ پر کارکنان کی جانب سے پرتباک استقبال کے موقع پر کیا جانی میمن نے مزید کہا کہ ریاستی مشینری کے استعمال اور آمرانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو نہ ڈرایا جاسکتا ہے اور نہ دھمکایا جاسکتا ہے اس موقع پر پیپلز پارٹی ایسٹ اور کورنگی کے کارکنان نے کراچی ائر پورٹ پر رہنمائوں کا شاندار استقبال کیا کراچی ائر پورٹ جئے بھٹو کے نعرے سے گونج اُٹھا۔