قلعہ سیف اللہ میں ٹرک اور ویگن میں تصادم، 13 افراد جاں بحق، 10 زخمی

Truck and Wagon Collision

Truck and Wagon Collision

کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں ٹرک اور ویگن میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔

ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ ڈاکٹر عتیق کے مطابق مسافر ویگن اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے 13 افراد میں 4 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں ۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے 5 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جب کہ 10 زخمیوں میں سے 5 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جنہیں کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

حادثے کے بعد کوئٹہ کے ٹراما سینٹر میں تمام سرجن ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کو طلب کیا گیا۔

ایم ڈی ٹراما سینٹر کا کہنا تھا کہ سول سنڈیمن اسپتال سے بھی ڈاکٹرز کو طلب کرلیا گیا ہے جب کہ صورتحال سے متعلق حکام بالا کو آگاہی دے دی گئی ہے۔

وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔