کراچی (جیوڈیسک) بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان ‘وایو’ کراچی کی جانب بڑھ رہا ہے جب کہ محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں نہ جانے کی تاکید کی ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق سمندری طوفان ‘وایو’ کراچی سے 540 کلو میٹر دور جنوب اور جنوب مشرق میں موجود ہے جو شمال اور شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان ‘وایو’ کے باعث سمندری ہوائیں معطل ہوگئی ہیں اور درجہ حرارت کی شدت 47 سے 50 کے درمیان محسوس کی جا سکتی ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق آج دوپہر اور شام کے اوقات میں کراچی میں مٹی کا طوفان بھی آسکتا ہے تاہم بارش کے امکانات کم ہیں جب کہ ٹھٹھہ، بدین اور تھرپارکر ڈسٹرکٹ میں تیز بارش کے امکانات میں بھی کمی واقع ہوچکی ہے۔
طوفان کے باعث محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو جمعہ کی شام تک گہرے سمندر میں نہ جانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب طوفان ‘وایو’ کے بھارتی ریاست گجرات کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کا خدشہ موجود تھا تاہم بھارتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کی تباہ کاریوں کا خطرہ ٹل چکا ہے۔