افغانستان کے شہر جلال آباد میں خودکش حملہ، سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 9 افراد ہلاک

Afghanistan Suicide Attack

Afghanistan Suicide Attack

جلال آباد (جیوڈیسک) افغانستان کے مشرقی شہر جلال آباد میں ہونے والے خودکش حملے کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے۔

افغان صوبہ ننگرہار کے گورنر کے ترجمان عطااللہ خوغیانی نے کہا کہ پیدل چل کر آنے والے خودکش حملہ آور نے مقامی پولیس چیک پوائنٹ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑایا۔

انہوں نے کہا کہ خودکش حملے میں 4 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 9 افراد ہلاک اور سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہوئے، ہلاک و زخمی ہونے والوں میں 4 بچے بھی شامل ہیں۔

حملے کی ذمہ داری کسی دہشت گرد گروپ نے قبول نہیں کی ہے تاہم جلال آباد کے اطراف کا علاقہ طالبان اور داعش سے منسلک افغان گروپ کے جنگجوؤں کا گڑھ رہا ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان میں دہشت گردی کی حالیہ لہر میں درجنوں شہری اور سیکیورٹی اہلکار جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

افغانستان میں 18 سالہ جنگ کے بعد طالبان کے افغان امن عمل کیلئے امریکا کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد سے مذاکرات جاری ہیں، تاہم حتمی معاہدے کیلئے فریقین کے درمیان ابھی کئی نکات پر اتفاق ہونا باقی ہے۔