ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان سے ملنے نہ دینے پر نوجوان نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کر ڈالی۔
دو روز قبل عامر خان کے ممبئی آفس کے باہر ایک ہائی وولٹیج ڈراما دیکھنے میں آیا جب ایک 33 سالہ نوجوان نے عامر خان سے ملنے نہ دینے پر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی۔ خودکشی کی کوشش کرنے والے نوجوان کی شناخت محمد قاسم کے نام سے ہوئی ہے اور وہ بھارت کی جنوب مغربی ریاست کرناٹکا کے شہر بیلغوم کا رہائشی ہے۔ خودکشی کی کوشش کرنے پر قاسم کو پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق قاسم گزشتہ کئی روز سے عامر خان سے ملنے کی کوشش کررہاتھا وہ عامر خان کی این جی واٹر فاؤنڈیشن سے متعلق ان سے بات چیت کرنا چاہ رہاتھا لیکن عامر خان کی سیکیورٹی پر مامور اہلکار اسے اداکار سے ملنے نہیں دے رہے تھے ۔ منگل کی شام بھی یہی ہوا جب سیکیورٹی اہلکاروں نے قاسم کو عامر خان سے ملنے سے منع کردیا تو اس نے اپنی جیب سے ایک بوتل نکالی اور اسے پی گیا، جس کے بعد اسے فوراً اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قاسم اب ٹھیک ہے، قاسم نے پولیس کو دئیے گئے بیان میں کہاہے کہ وہ صرف عامر خان سے ملنے کا خواہشمند تھا لیکن کئی بار کوشش کے بعد اسے یہ قدم اٹھانا پڑا۔ اس واقعے کے بعد پولیس نے قاسم کو اس کے گھر والوں کے حوالے کردیا۔