مجھے پکڑنے سے فرق نہیں پڑیگا، حساب کتاب بند کرکے آگے کی بات کی جائے: آصف زرداری

Asif Zardari

Asif Zardari

اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ حساب کتاب بند کیا جائے اور آگے کی بات کی جائے کیونکہ مجھے پکڑنے سے فرق نہیں پڑے گا۔

جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق صدر آصف زرداری کو نیب کی ٹیم پارلیمنٹ ہاؤس لے کر پہنچی جہاں ٹیم نے انہیں سارجنٹ ایٹ آرمز کے حوالے کیا۔

قومی اسمبلی پہنچنے پر آصف زرداری کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری نے ان کا استقبال کیا۔

بعد ازاں اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے آصف زرداری نے پروڈکشن آرڈر کی حمایت پر ایم کیو ایم اور اختر مینگل سمیت اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کا شکریہ ادا کیا۔

بجٹ پر بات کرتے ہوئے سابق صدر کا کہنا تھاکہ بجٹ کی بات کریں، سب رورہے تو کوئی وجہ تو ہے، سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھائیں اس سے زیادہ ٹیکس بڑھا دیا، صنعتکار خوفزدہ ہے کہ پانچ لاکھ چیک پر حساب دو،کون کون حساب دے گا،۔

آصف زرداری نے کہا اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ بجٹ ان کا بنایا ہوا نہیں ہے، ہمارے علاقوں میں ٹڈی آئی ہوئی ہے جو کپاس کی فصل کو تباہ کررہی ہے، کہیں اور ایسا ہوتا تواب تک توسعودی عرب سےامداد آجاتی ہے، ملک کے معاشی مسائل سب کے اور مشترکہ ہیں۔

انہوں ںے مزید کہا کہ اگر آئی ایم ایف سے پیسے مل رہے ہیں تو لوگ کیوں رو رہے ہیں، ہر انڈسٹری کے بڑے بڑے ایڈ آرہے ہیں کہ ہمیں بچاؤ، آئیں مل کر حکومت اپوزیشن مل کر معیشت پر کوئی معاہدہ کرلیں، حساب کتاب بند کیا جائے اور آگے کی بات کی جائے، میرے پکڑنے سے پارٹی مضبوط ہوگی، مجھے پکڑنے سے فرق نہیں پڑے گا، عام لوگ خوفزدہ ہیں کہ زرداری پکڑے جاسکتے ہیں توہمارا کیا بنے گا۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ایسا نہ ہو مہنگائی سے تنگ عوام نکل آئیں اور سیاسی جماعتیں پیچھے رہ جائیں، ایسا نہ ہو کل عوام اور پورا ملک کھڑا ہوجائے پھر کوئی پارٹی سنبھال سکے گی نہ ہم، ایسا نہ ہوکہ سیاسی طاقتوں سے بھی یہ گیند نکل جائے، جو طاقتیں انہیں لے کر آئی ہیں انہیں بھی سوچنا چاہیے۔