جس امن پروگرام پر فلسطینی متفق ہوں اسے عرب ممالک بھی قبول کریں گے: الجبیر

Adil al jabir

Adil al jabir

ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے کہا ہے کہ جس امن فارمولے کو فلسطینی قوم قبول کرے گی اس پرعرب ممالک بھی اتفاق کریں‌ گے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے معاشی مسائل کے حل کی کوششوں کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کے دیرینہ سیاسی حقوق کے حل کے لیے بھی موثر انداز میں‌ کوشش کی جانی چاہیے تاکہ فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازع کو حقیقی معنوں‌ میں ختم کیا جا سکے۔

فرانسیسی ٹی وی چینل 24 کو دیئے گئے انٹرویو میں عادل الجبیر نے مشرق وسطی‌ میں امن کے لیے امریکا کے اقتصادی منصوبے پر اپنا موقف بیان کیا۔

انہوں‌ نے کہا کہ ہر وہ تجویز جس سے فلسطینیوں کے حالات کی بہتری کی راہ ہموار ہو اس کا خیر مقدم کیا جانا چاہیے۔ یہاں میں یہ کہوں‌گا کہ فلسطینیوں کےسیاسی حقوق کا حل حد درجہ اہم اور ناگزیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی قوم اپنے حقوق اور مستقبل کےحوالے سے فیصلہ کرنے کی مجاز ہے۔ جس تجویز سے فلسطینیوں کو اتفاق ہو عرب ممالک بھی اسے قبول کرلیں گے۔

عادل الجبیر نے مزید کہا کہ سعودی عرب سنہ 1967ء کے عرب علاقوں پر مشتمل فلسطینی ریاست کے قیام اور مشرقی بیت المقدس کو فلسطینی مملکت کا دارالحکومت بنائے جانے کے مطالبے کی حمایت جاری رکھے گا۔