اوساکا (جیوڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات اور دوستی میرے لیے عزت کا مقام ہے۔ محمد بن سلمان بہترین دوست ہیں اور سعودی مملکت کے لیے بہت زیادہ خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
امریکی صدر نے ان خیالات کا اظہار جاپان کے شہر اوساکا میں منعقدہ جی 20 سمٹ کے موقع پر سعودی ولی عہد سے ملاقات میں کیا۔
امریکی صدر نے کہا کہ سعودی ولی عہد نے اپنے ملک کے لیے بہت کچھ کیاہے۔ ان کا اشارہ دونوں ملکوں کے درمیان عسکری، اقتصادی اور سیاسی شراکت داری وتعاون کی جانب تھا جس کے نتیجے میں امریکا میں روزگار کے غیر معمولی مواقع پیدا ہوئے۔
ٹرمپ نے کہا کہ سعودی ولی عہد نے مملکت سے دہشت گردی ختم کرنے کے لیے ’شاندار‘ کام کیا۔
اس موقع پر شہزادہ محمد بن سلمان نے ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘دہشت گردی کے خلاف جنگ کی کوششوں میں آپ کی خدمات پر پوری دنیا احسان مند ہے’۔ انہوں نے کہا کہ ہم سعودی عرب کی ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ یہ ایک طویل سفر ہے اور ہم نے یہ سفر مکمل کرکے ملک کو منزل تک پہنچانا ہے۔
خیال رہے ‘اوساکا’ میں منعقدہ ‘جی 20’ سمٹ کا آج [بروز ہفتہ] دوسرا دن ہے۔ جی ٹوئنٹی سربراہ اجلاس کے موقع پر سعودی ولی عہد نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، روسی صدر ولادی میر پوتین اور برطانوی وزیراعظم تھریسا مے سمیت دیگر عالمی رہ نمائوں سے ملاقاتیں کیں۔
جاپان میں ہونے والے جی 20 اجلاس میں تجارت، جیو پولیٹیکل کشیدگی اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے متنازع امور پر بات چیت کی جا رہی ہے۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جمعرات کی شام اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ جاپان کے شہر اوساکا پہنچے تھے۔ جاپان سے قبل وہ جنوبی کوریا کے دو روزہ دورے پر سیول گئے۔