مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا

 Rana Mashood

Rana Mashood

اسلام آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر رانا مشہود کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود گزشتہ رات 2 بجے غیر ملکی ائیرلائن سے امریکا جارہے تھے لیکن ایف آئی اے حکام نے انہیں ائیرپورٹ پر روک لیا اور کچھ دیر بعد واپس گھر جانے کی اجازت دے دی۔

ائیرپورٹ ذرائع کا کہناہے کہ رانا مشہود کا نام بلیک میں شامل تھا اور اسی بناء پر انہیں بیرون ملک روانگی سے روکا گیا ہے۔

علاوہ ازیں نیب حکام نے رانا مشہود کو 8 جولائی کو طلب کر لیا۔

ذرائع کے مطابق رانا مشہود کو اسپورٹس فیسٹیول میں جاری تحقیقات میں طلب کیا گیا ہے، ان کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کےلیے نیب نے درخواست بھجوا دی۔

دوسری جانب اس حوالے سے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، چار گھنٹے تک بغیر وجہ کے ائیر پورٹ پر روکا گیا، امریکا جارہا تھا کہ بتایا گیا کہ نام بلیک لسٹ میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا بتایاگیا کہ نیب حکام نے نام بلیک لسٹ میں شامل کرایا ہے، ائیرپورٹ پر دو گھنٹے بعد ایک نیب افسر سے رابطہ ہوا، نیب افسر نے کہا کیوں روکا اوپر سے پوچھ کر بتاتا ہوں، صبح فلائٹ جانے کے بعد بتایا گیا کہ آپ جاسکتے ہیں، میرے خلاف کوئی چارجز نہیں ہیں۔