اسلام آباد (جیوڈیسک) مری کے تفریحی مقام پٹریاٹہ کی چیئر لفٹوں میں پھنسے 90 افراد کو 10 گھنٹوں بعد ریسکیو آپریشن مکمل کرتے ہوئے بحفاظت اتار لیا گیا۔
پٹریاٹہ چیئر لفٹ کی بارہ کیبل کاروں میں سوار سیاح خوبصورت نظاروں سے لطف اندوز ہو رہے تھے کہ گزشتہ روز شام پانچ بجے کے قریب اچانک تیز آندھی شروع ہوگئی اور کیبل کار کا رسہ پلی سے اتر گیا۔
بارہ کی بارہ کیبل کاریں فضا میں جھولنے لگیں، آندھی اور بارش رکنے کے بعد سیاحوں کو بحفاظت نکالنے کے لئے ریسکیو عمل شروع کیا گیا جو رات گئے 3 بجے تک جاری رہا۔
ریسکیو اہل کاروں نے مینوئیل طریقے سے ایک ایک کیبل کار کو چلا کر سیاحوں کو نکالا اور اس طرح کیبل کار میں پھنسے خواتین، بچوں سمیت تمام 90 افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کیبل سروس معطل کر دی گئی ہے تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ گرمیوں میں اسکولوں کی چھٹیوں کے موسم میں جب ملک بھر سے سیاحوں کی بڑی تعداد یہاں کا رخ کرتی ہے تو کیبل کار سروس کی مناسب دیکھ بھال کیوں نہیں کی جا رہی۔