ٹرمپ انتظامیہ نااہل اور ناکارہ ہے: برطانوی سفیر نے بھانڈا پھوڑ دیا

America - United Kingdom

America – United Kingdom

برطانیہ (جیوڈیسک) امریکہ میں تعینات برطانوی سفیر کی سرکاری ای میلز لیک ہوگئیں ہیں جس میں انہوں نے ٹرمپ انتظامیہ کو نااہل، ناکارہ اور غیرمحفوظ قرار دیا ہے۔

خبر کے مطابق امریکہ میں برطانیہ کے سفیرکم ڈارک کی ای میلز لیک ہوگئی ہیں جن میں صدر ٹرمپ کی طرز حکومت پر شدید تنقید کی گئی ہے اور حیران کن انکشافات کیے گئے ہیں۔

برطانوی اخبار “میل آن سنڈے” کو ذرائع سے موصول ہونے والی لیک ای میلز میں برطانوی سفیر نے ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت میں وائٹ ہاؤس کی مجموعی کارکردگی کو ناکارہ اور کئی اہم فیصلوں پر منقسم پایا تاہم، انہوں نے امریکی صدر کو مکمل طور پر نظر انداز کرنے پر بھی خبردار کیا۔

امریکی صدر کے دورہ برطانیہ سے قبل برطانوی سفیر نے اپنے ملک کے اعلیٰ حکام کو ای میلز میں مشورہ دیا تھا کہ صدر کے دماغ میں بات ڈالنے کے لیے آپ کو اپنے نکات کو سہل یہاں تک کہ دو ٹوک انداز میں پیش کرنا ہوگا جبکہ ایران سے متعلق امریکی پالیسی کے غیر مربوط اور خلفشار کا شکار ہونے کا تذکرہ بھی کیا تھا۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے ابھی تک ان مراسلوں پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے تاہم اس اہم انکشافات سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں سرد مہری میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب برطانوی وزارت خارجہ نے اپنے سفیر کی لیک ای میلزکے معاملے کو “شرارت”قرار دیتے ہوئے نظر انداز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔