اسلام آباد (جیوڈیسک) اپوزیشن نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی۔
حکومت مخالف احتجاجی تحریک چلانے سے متعلق اپوزیشن کی 9 سیاسی جماعتوں کے 11 اراکین پر مشتمل رہبر کمیٹی نے چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد اپوزیشن اراکین نے سیکریٹری سینیٹ کے آفس میں جمع کرائی۔
پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے بتایا کہ چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی قرارداد پر 44 ارکان نے دستخظ کیے ہیں۔
قرارداد میں کہا گیا ہےکہ ایوان اس عزم کا اظہار کرتا ہے کہ موجودہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ایوان کے ممبران کا اعتماد کھو چکے ہیں، چیئرمین سینیٹ ایوان کے کسٹوڈین کے طور پر اعتماد نہیں رکھتے۔
اپوزیشن کی جانب سے سینیٹ کا اجلاس بلانے کے لیے ریکوزیشن بھی جمع کرادی گئی ہے۔
اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نے چیئرمین سینیٹ کا منصب مسلم لیگ (ن)کو دینے پر اتفاق کیا ہے۔
واضح رہے کہ رہبر کمیٹی کا اگلا اجلاس 11 جولائی کو ہوگا اور اسی روز نئے چئیرمین سینیٹ کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔