اسلام آباد (جیوڈیسک) قائمہ کمیٹی اجلاس اب صرف قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ہی ہو سکیں گے، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ہدایات جاری کر دیں، تمام کمیٹیوں کے آج ہونے والے اجلاس بھی منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی کی ہدایت کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ہی تمام قائمہ کمیٹی اجلاس کا انعقاد ہوگا۔ اس کے علاوہ کسی بھی اوقات قائمہ کمیٹی اجلاس بلایا نہیں جا سکے گا جبکہ سب کمیٹی اجلاس بھی قومی اسمبلی سیشن کے دوران ہی ہوں گے۔
یہ فیصلہ کفایت شعاری مہم کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ اسپیکر کے ہدایت نامے کے بعد آصف زرداری اور سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر کا معاملہ بھی مؤخر ہو گیا ہے۔ پیپلزپارٹی کی شازیہ مری کا کہنا ہے اپوزیشن اس عمل کی بھرپور مزاحمت کریگی۔