دوحا میں‌ امریکی فوجی اڈے کی توسیع میں قطری پیسہ استعمال کیا گیا: ڈونلڈ ٹرمپ

Donald Trump

Donald Trump

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ قطر کے دارالحکومت دوحا میں قائم کردہ ‘العدید’ فوجی اڈے کی توسیع میں امریکا نےکوئی رقم خرچ نہیں کی بلکہ توسیع کا سارا کام قطری پیسے سے کیا گیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق امریکی صدر نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز واشنگٹن میں امیرقطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ انہوں‌ نے ‘العدید’ فوجی اڈے کی توسیع میں رقم فراہم کرنے پرامیر قطر کا شکریہ بھی ادا کیا۔ امریکی صدرنے کہا کہ وہ قطرمیں امریکی فوج کو آپریشنل کارروائیوں کے لیے میزبانی فراہم کرنے پر دوحہ کے شکر گذار ہیں۔

ایک دوسرے سیاق میں ٹرمپ نے امیر قطر سے کہا کہ ‘آپ ہمارے ملک میں‌ بھاری رقوم کی سرمایہ کاری کرتے اور اسلحہ خریدتے ہیں۔ ہم اس کے بدلے میں آپ کے ساتھ بوئینگ طیاروں کی ڈیل اور دیگر بڑے سودے کریں‌گے۔

امیرقطراور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہونے والی ملاقات کے موقع پرامریکی وزیرخزانہ سٹیون منوچن بھی موجود تھے۔اس موقع پر امریکی صدر نے کہا کہ دوحا میں امریکی فوجی اڈے کی توسیع پر8 ارب ڈالر خرچ ہوئے۔ خدا کا شکر ہے کہ یہ کام ہوگیا اور اس پر ہمارا نہیں‌ بلکہ آپ کا پیسہ استعمال ہوا۔

خیال رہے کہ قطر میں قائم’العدید’ فوجی اڈہ مشرق وسطیٰ میں امریکا کا سب سے بڑا اڈہ ہے اس فوجی اڈے کو خطے میں ہونے والے کئی فوجی آپریشنز کے لیے استعمال کیاجاتا ہے۔

اس فوجی فضائی اڈے پرامریکی سینڑل کمانڈ ہیڈ کواٹر، امریکی ایئرفورس سینٹرل کمانڈ ہیڈ کواٹر، برطانوی ایئرفورس کا اسکواڈرن نمبر83 اور امریکی فوج کے ایئربرون ونگ نمبر379 کا ہیڈ کواٹر واقع ہے۔