کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم تنظیم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ حکومت ہے یا نہیں کچھ پتہ نہیں چل رہا اور لوگوں کا اعتماد نظام سے اٹھ رہا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ قومی منظر نامے میں افرا تفری، بے چینی اور بے یقینی نظر آرہی ہے، حکومت ہے یا نہیں کچھ پتہ نہیں چل رہا، لوگوں کا اعتماد اور اعتبار اس حکومت اور نظام سے اٹھ رہا ہے، اگر اس نظام کو کچھ ہوا تو ملک کو نقصان پہنچے گا، وقت آگیا ہے تمام سیاسی جماعتیں سر جوڑ کر بیٹھیں اور کوئی راستہ نکالیں،سب جماعتیں بیٹھ کر ایک قومی ایجنڈے کو تشکیل دیں، سیاسی جماعتوں کو فی الفور قومی ایجنڈے کی تشکیل عمل میں لانی ہو گی۔
فاروق ستار نے کہا کہ بجٹ جیسے تیسے منظور کروایا گیا لیکن اس کا خمیازہ لوگ بھگت رہے ہیں، تاجروں کی آج ہڑتال ہے جب کہ کاروبار اور صنعتیں بند پڑی ہیں، سیلز ٹیکس ختم کیا جائے، برآمد پر ٹیکس ہٹایا جائے اور ایکسپورٹ پر ٹیکس ہٹایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی والوں کے لئے بری خبر ہے کہ کے 4 منصوبے پر کام نہیں ہوگا، کے 4 منصوبے پر وزیر اعلی نے میٹنگ کی تھی، خالد مقبول صدیقی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں مگر عوام کے مسائل کو بھی اجاگر کریں۔