دمشق (جیوڈیسک) شام میں دو مختلف علاقوں پر اتحادی افواج کی فضائی بمباری کے نتیجے میں مجموعی طور پر 22 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ادلب کے شمالی شمالی علاقوں کے 2 مختلف عوامی مقامات پر بشار الاسد اور ان کی اتحادی افواج نے تابڑ توڑ فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں 22 افراد لقمہ اجل بن گئے۔
فضائی حملوں میں ہلاک ہونے والوں میں 4 بچے اور 3 خواتین بھی شامل ہیں جب کہ درجن سے زائد زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 3 زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔ شام کے بیشتر علاقوں سے جنگجوؤں کا قبضہ واگزار کرالیا گیا ہے تاہم ادلب کے کچھ علاقوں میں اب بھی شدت پسندوں کا زور ہے، شامی حکومت انہی شدت پسندوں کی آڑ لے کر رہائشی علاقوں پر بھی فضائی حملے کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل بھی ادلب میں اتحادی افواج کے طبی مراکز سمیت 4 مختلف مقامات پر فضائی حملوں میں 100 کے قریب افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔