لاہور (جیوڈیسک) عدالت نے منشیات اسمگلنگ کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناءاللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی۔
لاہور کی ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں رانا ثناءاللہ کے خلاف منشیات اسمگلنگ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے لیگی رہنما کو سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا۔
کیس کی سماعت کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جس کے تحت ضلع کچہری آنے اور جانے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کر بند کیے گئے۔
عدالت میں رانا ثناءاللہ کے 4 ساتھیوں کو بھی پیش کیا گیا جس میں ایک ان کا ڈرائیور اور 3 سیکورٹی گارڈز شامل تھے۔
سماعت کے دوران رانا ثناءاللہ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ رانا ثناءاللہ کو دل کی تکلیف ہے، ہماری فائل، ادویات اور موبائل ان کے پاس ہیں، آخر ایسی کونسی چیز ہے جو فائل پیش نہیں کی جارہی۔
سماعت کے دوران رانا ثناء اللہ نے جج سے مکالمہ کیا کہ ابھی تک میرا مؤقف سرکاری طور پر نہیں لکھا گیا، کل ایک ٹیم نے تفتیش کی لیکن تمام تفصیلات مجھے ابھی تک نہیں دی گئیں، مجھے ابھی ریکارڈ نہیں ملا۔
عدالت نے مؤقف سننے کے بعد کہا کہ جب تک اے این ایف حکام ریکارڈ پیش نہیں کرتے اس وقت تک کیس ملتوی رہے گی۔
بعد ازاں عدالت نے رانا ثناءاللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی۔
عدالت میں پیشی کے موقع پر لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ نے رانا ثناءاللہ کی ٹیلی فون پر شہباز شریف سے بات چیت بھی کروائی۔
عدالت کے باہر رانا ثناءاللہ نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ظلم کے خلاف دہائی دینے نہیں بلکہ ظالم کو للکارنے پر یقین رکھتا ہوں، اس ظلم کےخلاف پورے عزم کے ساتھ کھڑا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ حکمران ٹولہ ملک کو خانہ جنگی کی دہلیز پر لے آیا ہے، وہ اپنے سیاسی مخالفین پر منشیات کے جھوٹے مقدمات بنائیں لیکن میں اپنے لیڈر نواز شریف اور اپنی جماعت کے ساتھ کھڑا ہوں۔
یکم جولائی کو اینٹی نارکوٹکس فورس نے نے سہ پہر 3 بج کر 24 منٹ پر رانا ثناء اللہ کی بلٹ پروف لینڈ کروزر گاڑی کو راوی ٹول پلازہ پر روکا، ن لیگی رکن قومی اسمبلی کے مسلح گارڈز بھی ایک اور گاڑی میں ان کے ساتھ سفر کررہے تھے، اے این ایف نے دعویٰ کیا کہ رانا ثناء اللہ کی گاڑی کی تلاشی کے دوران خفیہ خانوں میں موجود بیگز میں چھپائی گئی 15کلو ہیئروئن برآمد ہوئی۔
اے این ایف کے مطابق رانا ثناءاللہ کے 5 ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا گیا جن میں محمد اکرم، سبطین حیدر، عثمان احمد، عامر رستم اور عمر فاروق شامل ہیں۔