ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے کھل نائیک سنجے دت کو ’’منا بھائی 3‘‘ کی شوٹنگ کا شدت سے انتظار ہے۔
ممبئی میں اپنی پہلی مراٹھی فلم ’’بابا‘‘ کے ٹریلر کے ریلیز کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سنجے دت نے کہا کہ ’’منا بھائی 3‘‘ میں کام کرنے کے لیے بہت عرصے سے بے تاب ہوں لیکن اس کی شوٹنگ کب شروع ہوگی اس کے بارے میں ہدایت کار راج کمار ہیرانی ہی بتا سکتے ہیں۔
سنجے دت کا فلموں میں اپنے کرداروں سے متعلق کہنا تھا کہ وہ اب درختوں کے پیچھے ہیروئن کے ساتھ رومانس نہیں کرسکتے، وہ اب عام ہیرو کی طرح نہیں بلکہ ایسے کرداروں میں نظر آنا چاہتے ہیں جو فلم میں سب سے اہم ہوں۔
واضح رہے سنجے دت نے راج کمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں بننے والی منا بھائی سیریز کی دونوں فلموں میں کام کیا تھا اور دونوں ہی فلمیں سپر ہٹ رہی تھیں، گزشتہ برس سنجے دت کی رہائی کے بعد راج کمار ہیرانی نے منا بھائی سیریز کی تیسری فلم بنانے کا اعلان کیا تھا لیکن اس کے بعد ان پر جنسی ہراسانی کا الزام لگ گیا تھا جس پر انہوں نے اپنے تمام زیر تکمیل پروجیکٹس پر کام روک دیا تھا۔