اسلام آباد : الخدمت فاؤنڈیشن کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے ضلع آٹھ مقام(مظفرآباد) کی زیریں سب ویلی لیسوا کے نالہِ لیسوا میں شدید طغیانی کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور مشکل کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ سیلاب کے فوری بعد الخدمت کے رضاکاران فوری متاثرہ علاقے کی جانب روانہ ہوئے اورمقامی انتظامیہ و دیگر اداروں کے ساتھ ملکر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیاتاہم ریلیف آپریشن تاحال جاری ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام کے تحت سیلاب متاثرین کے لئے فوڈ پیکجز،ترپالوں اور ٹینٹس پر مشتمل امدادی سامان کی پہلی کھیپ روانہ کردی گئی ہے۔
لیسوا وادی کو ملانے والے تمام راستے منقطع ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے ریلیف سرگرمیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ نقصانات کا درست اندازہ ہونے کے بعد ریلیف سرگرمیوں کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔ عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن کا ساتھ دیں۔