گھوٹکی (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 205 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ سندھ کے ضلع گھوٹکی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 205 پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 60 ہزار سے زائد ہے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 4 ہزار 980 جب کہ خواتین ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 55 ہزار 895 ہے۔ حلقے میں ضمنی انتخاب کے لیے 290 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔
این اے 205 میں ضمنی انتخاب کو شفاف بنانے اور امن و امان کی صورت حال کو قابو میں رکھنے کے لیے پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز اور پاک فوج کے اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔
2018 کے عام انتخابات میں این اے 205 سے سردار علی محمد خان مہر کامیاب ہوئے تھے تاہم ان کے انتقال پر یہ نشست خالی ہوئی تھی۔ ضمنی انتخاب میں اصل مقابلہ آزاد امیدوار سردار احمد علی مہر اور پیپلز پارٹی کے سردار محمد خان مہر کے درمیان ہے۔ سردار احمد علی مہر سابق وفاقی وزیر انسداد منشیات سردار علی محمد خان مہر کے صاحبزادے ہیں اور انہیں مہر گروپ کے علاوہ جی ڈی اے، پی ٹی آئی اور حلقہ کے دیگر بااثر سیاسی حلقوں کی حمایت حاصل ہے۔