واشنگٹن (جیوڈیسک) وزیراعظم عمران خان سے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومیو نے ملاقات کی جس میں اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان ہاؤس واشنگٹن میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں سیاسی حل پر اتفاق رائے سے علاقائی امن کا موقع ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے مقاصد کے حصول کیلئے پاکستان اور امریکا میں قریبی تعاون پر زوردیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے باہمی مفادات کے فروغ کیلئے مضبوط شراکت ضروری ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تصفیہ طلب تنازعات کے حل سے ہونے والے امن کے پاکستان اور بھارت کو بڑے فوائد ہوں گے ، حکومت پاکستان نے مدارس کو قومی دھارے میں لانے کیلئے اہم انتظامی و قانونی اقدامات کیے، پاکستان تمام پڑوسی ملکوں سے پرُ امن اور تعاون پر مبنی تعلقات چاہتا ہے۔