واشنگٹن (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ علاقائی سلامتی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل آصف غفور نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ آرمی چیف قمر جاوید نے امریکی محکمہ خارجہ کا دورہ کیا اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کی۔
اس موقع پر علاقائی سلامتی کی صورت حال اور افغان امن عمل پر بات چیت کی گئی اور افغان عوام کی سربراہی میں افغان امن عمل کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان احترام، اعتماد اور مشترکہ اقدار پر مشتمل باہمی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔
میجر جنرل آصف غفور نے مزید بتایا کہ ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات مزید بہتر بنانے پر بات ہوئی، 22 جولائی کو ہونے والے سربراہی اجلاس کا بھی جائزہ لیا گیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سینٹیر لنزے گراہم اور جنرل ریٹائرڈ جیک کین سے بھی ملاقات ہوئی اس موقع پر سینیٹر گراہم نے خطے کی بہتر ہوتی صورت حال میں پاکستان کے کردار کو خوب سراہا۔
گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں گارڈ آف آنر اور 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے جس کے بعد امریکی چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ نے آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا۔
آرمی چیف نے پینٹاگون میں امریکی چیف آف اسٹاف جنرل مارک ملے سمیت دیگر سینئر امریکی فوجی قیادت سے بھی ملاقات کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں افغان امن عمل سمیت خطےکی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال گیا اور امریکی عسکری حکام کی جانب سے افغان امن عمل میں پاکستانی فوج کی کاوشوں کو قابل ستائش قرار دیا گیا۔ اس دوران آرمی چیف نے امریکی ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا اور دوطرفہ ملٹری تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔