کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے اعلان کیا ہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی یوم شہادت پر 27 تا 31 دسمبر اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سیکریٹری غلام محمد خان کی قیادت میں اسپورٹس آرگنائزروں کے وفد سے ملاقات میں کیا وفد میں محمد سلیم خمیسانی ،محمد ارشد ،محمد یعقوب بھی شامل تھے جبکہ اس موقع پر سنیٹر تاج حیدر ،پی پی پی سندھ کے سیکریٹری وقار مہدی بھی موجود تھے ،نثار کھوڑو نے اسپورٹس آرگنائزروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں کھیل اور کھلاڑیوں کی بلا امتیاز خدمت کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی انہوںنے کہاکہ پاکستان نے سندھ واحد صوبہ ہے جس میں سب سے زیادہ ہاکی کے اسٹروٹرف میدان ،فٹ بال کے سینتھٹک ٹرف میدان اور انڈور کھیلوں کے لئے کئی اسپورٹس جمنازیم پی پی پی حکومت کے دور میں تعمیر کئے گئے ہیں اور حال ہی میں خاتون پاکستان گرلز کالج کراچی میں خوبصورت فٹ سال ،نیٹ بال کا گرائونڈ تعمیر کیا گیا ہے اور اب یوم آزادی کے مبارک موقع پر کراچی کے شاہ فیصل کالونی میں پنجاب گرائونڈ پر ملٹی پل اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے جس کا افتتاح وزیر اعلیٰ سندھ کرینگے اور یہ اسپورٹس کمپلیکس پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی ذاتی خواہش پر محکمہ کھیل حکومت سندھ نے تعمیر کیا ہے جو کہ شاہ فیصل کالونی کے نوجوانوں کے لئے پی پی پی چیئر مین کا ایک تحفہ ہے۔
نثار کھوڑو نے کہاکہ سندھ کے کھلاڑی اور آرگنائزر کھیلو ں کے مسائل کے حل کے لئے مجھے تجاویز دیں میں انشااللہ کھیل اور کھلاڑیوں کے درپیش مسائل کو ارباب اختیار اور حکومت سندھ تک پہنچائوں گا اور اسے حل کرائوں گے اس موقع پر غلام محمد خان نے پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیاکہ کراچی میں جاری قومی ہاکی چمپئن شپ وزیر اعلیٰ سندھ کی معائونت س ہورہی ہے اور اس سے قبل نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ اورPSLسیزن 4کا کراچی میں شاندار اور کامیاب انعقاد وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا بے مثال کارنامہ ہے ،غلام محمد خان نے کہاکہ محترمہ بے نظیت بھٹو شہید اسپورٹس فیسٹیول بے مثال اور تاریخی انداز میں منعقد کیاجائیگا جس میں گرلز اور بوائز کے کھیلوں کے متعدد مقابلے شامل ہونگے جس کی تفصیلات جلد ہی ایک پریس کانفرنس کے ذریعے بیان کی جائیگی۔