کراچی (اسپورٹس رپورٹر) سندھ اسپورٹس بورڈ حکومت سندھ کے تعاون سے فردوس اتحاد اورواحد اسپورٹس کورنگی کے زیر اہتمام شہر کراچی کے 6 اضلاع میں سندھ کا روایتی کھیل “شوٹنگ بال “کھیل کے فروغ کے لئے جاری اقدامات کے تحت واحد اسپورٹس شوٹنگ بال کمپلیکس کورنگی کراچی پر منعقدہ “حضرت لال شہباز قلندرSSBٹرافی شوٹنگ بال ٹورنامنٹ ” کا ٹائٹل واحد شوٹنگ بال کلب کورنگی نے مد مقابل فرقان شوٹنگ بال کلب کو شکست دیکر اپنے نام کرلیا ۔دوران کھیل دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اس موقع پر کھلاڑیوں کے شاندار کھیل پر کورٹ پر موجود شائقین شوٹنگ بال نے کھلاڑیوں کو بھر پور داد دی ،محمد حسنین ،اعجاز احمد ،محمد شمیم ،عبدالخالق ،ملک ناصر اور عبداللہ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا فائنل میچ میں ریفریز اور اسکورر کے فرائض سید افتخار زیدی ،محمد راشد اور محمد تحسین نے انجام دیئے ،قبل ازیں کھیلے گئے سیمی فائنل معرکہ میں فرقان کلب نے یونائٹیڈ کلب اور واحد کلب نے عارف والا کلب کو شکست دیکر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔
فائنل کے اختتام پر منعقدہ تقسیم انعامات کی تقریب میں مہمان خصوصی پاکستان ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر خالد جمیل شمسی نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کو ٹرافی اور کھلاڑیوں میں انفرادی انعامات تقسیم کئے،مین آف دی میچ کا ایوارڈ فرقان کلب کے وسیم عباس اور مین آف دی ٹورنامنٹ رضوان احمد کو دیا گیا ۔اس موقع پرکراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان ،پاکستان یوگا اسپورٹس فیڈریشن کے سیکریٹری خالد بروہی ،سیکریٹری اطلاعات محمد ارشد ،سندھ جوڈو ایسوسی ایشن کے سیکریٹری محمد رفیق ،سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سیکریٹری عارف اعوان ایڈوکیٹ ،شوٹنگ بال لوور و سنگر خان محمد چنا،ہدایت اللہ لاشاری،قربان لاشاری ،سماجی رہنماء محمد منور خان اور دیگر موجود تھے مہمان خصوصی خالد جمیل شمسی نے کہاکہ کھیل صحت مند معاشرے کے قیام کی ضمانت اور امن کے فروغ کا ذریعہ ہے ،کھیلوں کے میدانوں کو آباد صحت مند معاشرہ اور صحت مند زندگی کے قیام کو ممکن بنا یا جاسکتا ہے انہوںنے کہاکہ صوبہ خصوصاً شہر کراچی میں کھیلوں کو جد طرح فروغ دینے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں وہ قابل تحسین ہے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اورکمشنر کراچی افتخار شالوانی سوبہ شہرمیں امن اور محبت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ کھیلوںکے فروغ اور کھلاڑیوں کی سرپرستی پر خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں خالد شمسی نے منتظمین، شوٹنگ بال کلبوں اور کھلاڑیوں کو یقین دلا یا کہ شوٹنگ بال کھیل کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون کو یقینی بنا ئوں گا۔