کراچی (اسٹاف رپورٹر) خمیسانی سوشل ویلفیئر ٹرسٹ کے بانی و چیئر مین محمد سلیم خمیسانی نے کہاکہ بارش کے بعد شہر میں مہلک امراض پھیلنے کا خطرہ ہوگیا ،شہر میں جگہ جگہ برساتی پانی جمع اور کچرے کے انبار لگ گئے جس کی وجہ سے شہری انتہائی اذیت کا شکار ہوکر رہ گئے سلیم خمیسانی نے عوام کو اذیت اور مسائل سے نکلانے کے لئے شہر میں صفائی وستھرائی کے نظام کو بہتر بنا نے کے ساتھ ساتھ بیک وقت پورے شہر میں جراثیم کش اسپرے انجام دیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کورنگی اور ملیر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے بارش کے بعد ہونے والے صورتھال کا معائنہ کرتے ہوئے عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا محمد سلیم خمیسانی نے بلدیاتی اداروں کی نااہلی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ضلع کورنگی میں صفائی و ستھرائی اور بارش کی پانی کی عدم نکاسی کی وجہ سے عوام کو درپیش مسائل پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جب متعلقہ ادارے عوامی خدمت سے رو گردانی کرتے رہیں گے تو عوام کو مسائل سے کون نجات دلا ئے گا محمد سلیم خمیسانی نے وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات سے مطالبہ کیا کہ شہر میں صفائی و ستھرائی کے نظام کو بہتر اور جراثیم اسپرے فی الفور انجام دیا جائے تاکہ شہر میں امراض کو پھیلنے سے روکا جاسکے اور عوامی زندگیوں کو محفوظ بنا یا جا سکے۔