لاہور : تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر اور لاثانی ویلفیئر فاؤنڈیشن انٹرنیشنل کے چیئرمین عاشق رسول ؐ، قائد روحانی انقلاب صوفی مسعود احمد صدیقی نے کہاہے کہ نبی آخرالزماں حضور نبی کریمؐ کا ارشاد ہے کہ جھوٹ ایمان سے بہت دور ہے۔ اب اگر جھوٹ ایمان سے بہت دور ہے اوجھوٹ بولنا اور جھوٹ کو بنیاد بنا کر کسی پر بہتان لگانا یا پھر اُسکی اشاعت کرنا اس سے بھی زیادہ بُرا فعل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سکرٹریٹ پر منعقدہ ہفتہ وار تربیتی نشست کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں پھیلتی ہوئی جھوٹ، بہتان اور رزق حرام جیسی برائیوں کو ختم کرنے کیلئے جہاد کرنا ہو گا۔
معاشرے سے ان بنیادی برائیوں کو ختم کرنے کیلئے اپنی تمام تر توانائیوں کو بروئے کار لانا ہو گا۔انہوں نے کہاکہ آج اسلامی تعلیمات سے دوری کی وجہ سے چھوٹی چھوٹی بات پر جھوٹ بولنا، بہتان بازی کرنا اور حلال و حرام رزق میں تمیز نہ رکھنا ہماری معمولات زندگی کا حصہ بن چکا ہے جس کی وجہ سے جان و مال میں اللہ تعالیٰ کی برکت و رحمت کا نزول ناممکن ہوگیا ہے۔لہذا ہمیں حضور نبی کریم ؐ کا پکا اور سچا امتی بننے کیلئے ان بنیادی برائیوں سے خود بھی توبہ کرنا ہوگی اور دوسروں کو بھی بچانا ہوگا۔ نشست کے اختتام پر حضور نبی کریم ؐ کی بارگاہ میں درودوسلام کے نذرانے اور ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔