کراچی (جیوڈیسک) اداکارہ مایا علی نے اپنی آنے والی فلم ’پرے ہٹ لو‘ میں اپنے کردار سے متعلق خاموشی توڑ دی ہے۔
ایک ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ میں فلم ’پرے ہٹ لو‘ میں ثانیہ نامی ایک بردبار اور مضبوط لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہوں جو کہ ایک اعلیٰ سوچ اور اپنا فیصلہ خود کرنے والی لڑکی ہوتی ہے، وہ یہ بھی جانتی ہے کہ کیا اچھا ہے کیا بُرا اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ ثانیہ اپنے خاندان کی اہمیت بھی سمجھتی ہے۔
مایا علی نے یہ بھی کہا کہ ہر کردار کا میری زندگی پر بہت گہرا اثر ہوتا ہے اور میں ذاتی طور پر یہ محسوس بھی کرتی ہوں کہ فلم ’پرے ہٹ لو‘ میں ثانیہ کا جو کردار میں ادا کر رہی ہوں وہ بہت مضبوط کردار ہے اور اس کردار کا میری ذات سے موازنہ کیا جا سکتا ہے۔
مایا علی نے کہا کہ فلم میں شہریار کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا، شوٹنگ کے دوران ایسا لگ رہا تھا جیسے سب کچھ خود سے ہو رہا ہو، ہم دونوں کے درمیان کیمسٹری قابل تعریف ہے۔
واضح رہے کہ عاصم رضا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’پرے ہٹ لو‘ میں مایا علی، شہریار منور، ندیم بیگ، زارہ نور ، حنا دلپزیر اور احمد بٹ اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔ فلم رواں ماہ عید الاضحی کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔