اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت سندھ اور بلوچستان نے پیر 5 اگست کو کشمیری عوام سے یکجہتی کا خصوصی دن منانے کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول ( ایل او سی) پر شہری آبادی پر کلسٹر بموں سے حملے میں 4 سالہ بچے سمیت 2 افراد شہید اور 11 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب بھارت کی جانب سے مقبوضہ وادی میں 28 ہزار اضافی فوج تعینات کرنے کے بعد وادی کے حالات پیچیدہ ہوگئے ہیں۔
اس تمام تر صورتحال میں حکومت بلوچستان نے پیر 5 اگست کو کشمیری عوام سے یکجہتی کا خصوصی دن منانے کا اعلان کیا ہے۔
حکومت بلوچستان کے مطابق صوبے کے تمام اضلاع میں بھارتی مظالم کے خلاف ریلیاں نکالی جائیں گی، اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹییوں میں تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔
اِدھر حکومت سندھ کے محکمہ تعلیم نے بھی صوبے کے تعلیمی اداروں میں 5 اگست کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں تقریبات منعقد کی جائیں گی۔