کراچی (جیوڈیسک) ٹی وی اینکر مرید عباس کے قتل کے خلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مرید عباس کی اہلیہ زارا عباس سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔
مقتول کی اہلیہ زارا عباس نے کہا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کو آج 28 روز گزر چکے ہیں، یہ ہائی پروفائل کیس ہے لیکن اسے نظر انداز کیا جا رہا ہے،انھوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ایسا لگتا ہے کہ پولیس کیس کے اہم ملزم عاطف زمان کو تحفظ فراہم کر رہی ہے، عاطف ڈرامے باز اور جھوٹا شخص ہے، ملزم جیل میں چہل قدمی کرتا ہے، وہ اتنے آرام سے کیوں ہے اوراس کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔
زارا عباس کا مزید کہنا تھاکہ تفتیشی افسر کے علاوہ کسی نے ہم سے رابطہ نہیں کیا، پولیس کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں ہے، مجھ سے نیب اور نہ ہی ایف آئی اے نے کوئی رابطہ کیا ہے۔