راولپنڈی (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہم اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی جس میں ایک نکاتی ایجنڈے پر غور اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر جائزہ لیتے ہوئے اس پر بحث کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء نے بھارتی اقدامات مسترد کرنے کےحکومتی فیصلے کی بھرپور تائید کی اور مسئلہ کشمیر پر بھارتی اقدامات مسترد کرنے کے حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کبھی مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط کو قانونی بنانے والا آرٹیکل 370 یا 35 اے تسلیم نہیں کیا، اب بھارت نے خود ہی اس کھوکھلے بہانے کو ختم کردیا ہے۔
کورکمانڈرز کانفرنس سے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاک فوج اپنی اس ذمہ داری کو نبھانے کے لئے مکمل تیار ہے اور ہم اپنی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے آخری حد تک جانے کو تیار ہیں۔
واضح رہےکہ بھارتی حکومت کی جانب سے صدارتی حکم نامے کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے خصوصی اختیارات سے متعلق آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے جس کے تحت مقبوضہ کشمیر اب ریاست نہیں کہلائے گی اور لداخ بھی بھارتی یونین کا حصہ ہو گا۔
بھارت نے لائن آف کنٹرول پر کلسٹر بموں کا استعمال کیا جس کی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں مذمت بھی کی گئی۔